بنگلورو، 7؍ جون (ایس او نیوز) یکم جولائی سے اسکول کھول دینے ریاستی حکومت کے فیصلے کی اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس تیزی سے کرناٹک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے ستمبر سے پہلے اسکول کھولنے کا کوئی فیصلہ نہ لیا جائے ۔
ان والدین نے ریاستی وزیر تعلیم سریش کمار سے مانگ کی ہے کہ یکم جولائی سے اسکول کھولنے کے فیصلے کو فوراً واپس لیا جائے ۔ اسکولس کھول دینے کے بار ےمیں ریاستی حکومت کی طرف سے ایک سرکلر جاری ہونے کے بعد پریشان والدین نے فیس بک لائیو مذاکرے کا اہتمام کیا اور اس میں طے کیا گیا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے پہلے یہ کہا گیا تھا کہ اسکولوں کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ حکومت اپنے طور پر نہیں لے گی بلکہ 10 تا 12 ؍ جولائی والدین سے مشورے کئے جائیں گے اور بعد میں فیصلہ لیا جائے گا۔ لیکن ایسا کرنے سے پہلے ہی محکمہ تعلیم کی طرف سے یہ سرکلر جاری کردیا گیا ہے کہ یکم جولائی سے اسکول کھول دیئے جائیں گے۔
والدین نے کہا کہ جس تیزی سے کورونا وائرس پھیل رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے والدین اپنے بچوں کی حفاظت کو لے کر خوفزدہ ہیں۔ اس لئے ان کی مانگ ہے کہ جب تک کورونا وائرس سے متعلق حالات سدھر نہیں جاتے اس وقت تک اسکول نہ کھولے جائیں ۔ والدین کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ویکسین تیارنہیں کر لیا جاتا اس وقت تک تعلیم ادارے خاص طور پر پرائمری اور ہائی اسکول نہ کھولے جائیں۔